پیٹرول مہنگا ہوتے ہی ٹرانسپورٹ کرایوں میں 4 فیصد تک اضافہ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد راولپنڈی میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں 3 سے 4 فیصد اضافہ، آر ٹی اے نے زائد کرایہ وصولی پر سخت کارروائی کا اعلان کر دیا۔
(راولپنڈی) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی 3 سے 4 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔
کرایوں میں اضافے کے حوالے سے ٹرانسپورٹ ہاؤس میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری آر ٹی اے اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان تفصیلی مذاکرات ہوئے۔ اجلاس کے دوران کرایوں میں محدود اضافے پر اتفاق کیا گیا۔
سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن کے مطابق کسی بھی ٹرانسپورٹر کو من مانے اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور صرف 3 سے 4 فیصد تک ہی کرایہ بڑھایا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ 4 فیصد سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ مسافروں کو غیر ضروری مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔
رانا محسن کا کہنا تھا کہ تمام ٹرانسپورٹرز آج ہی نئے کرایہ نامے آویزاں کریں گے اور ان پر فوری عملدرآمد بھی شروع کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد عوامی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کی توقع کی جا رہی تھی۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 25 اپریل، 2026 کو 08:29 AM
آخری تدوین: 25 اپریل، 2026



