ڈیزل قیمت فارمولے میں تبدیلی کسی دباؤ کا نتیجہ نہیں: وزیر پیٹرولیم

ریفائنریز کو عالمی معیار کے مطابق منصفانہ قیمت دینا ضروری ہے، پالیسی تسلسل ملکی مفاد میں ناگزیر قرار
اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمت کے فارمولے میں تبدیلی کسی دباؤ کا نتیجہ نہیں بلکہ ملکی ریفائننگ سیکٹر کو مضبوط بنانے کیلئے ایک ضروری قدم ہے۔
ڈیزل کی قیمت کے فارمولے سے متعلق اپنے بیان میں علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرولیم ڈویژن اور ریفائنریز کے درمیان رضاکارانہ معاہدہ طے پایا ہے، جبکہ ریسرچ ٹیم سے مشاورت کے بعد عبوری فارمولا تیار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد مقامی ریفائنریز کو اپ گریڈ کرنا اور انہیں مکمل ڈی ریگولیشن کی طرف لے جانا ہے تاکہ ملکی توانائی کے شعبے میں بہتری لائی جا سکے۔
وزیر پیٹرولیم کے مطابق ریفائنریز کو عالمی سطح کے مطابق منصفانہ قیمت دینا ضروری ہے، کیونکہ اسی صورت میں انہیں بھارتی ریفائنریز کے ہم پلہ لایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارمولا تبدیلی کا مقصد ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی پیداوار بڑھانا ہے، جبکہ زیادہ مسابقت کے ذریعے صارفین کے مفادات کا بہتر تحفظ بھی ممکن ہوگا۔
علی پرویز ملک نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں فیصلے کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تنگ دل سیاست چھوڑ کر پاکستان کی معاشی بہتری کیلئے پالیسی تسلسل کو یقینی بنانا ہوگا۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 26 اپریل، 2026 کو 01:30 PM
آخری تدوین: 26 اپریل، 2026



