چند منٹ میں اسکور 8-0 ہو گیا، بھارت آج تک سمجھ نہیں سکا کیا ہوا: ایئر وائس مارشل طارق محمود غازی


پاک فضائیہ کے ایئر وائس مارشل طارق محمود غازی نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کے دوران چند ہی منٹوں میں اسکور 8-0 ہو گیا تھا اور بھارت آج تک سمجھنے کی کوشش کر رہا ہے کہ آخر اس کے ساتھ ہوا کیا تھا۔
(راولپنڈی) پاک فوج کی پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کے 8 طیارے تباہ کیے، جن میں جہازوں میں 4 رافیل، ایس یو 30، مگ 29 اور میراج 2000 شامل ہے
ایئر وائس مارشل طارق محمود غازی نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی رات پاکستان پر حملہ کیا گیا، تاہم پاک فضائیہ دشمن کی ہر سرگرمی پر مکمل نظر رکھے ہوئے تھی۔ انہوں نے بتایا کہ سائبر حملوں نے بھارتی رابطہ نظام کو متاثر کیا جبکہ پاکستانی افواج نے دشمن کو کسی حد تک لاچار کر دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ مسلسل دشمن کے ڈیجیٹل فٹ پرنٹس مانیٹر کر رہی تھی اور دشمن کی نقل و حرکت کا مکمل اندازہ تھا۔ ان کے مطابق دشمن ہماری سرحدوں تک پہنچنے کی ہمت بھی نہیں کر سکا۔
ایئر وائس مارشل نے کہا کہ معرکۂ حق نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور جدید جنگی حکمت عملی ہر چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 7 مئی، 2026 کو 01:07 PM
آخری تدوین: 7 مئی، 2026



