پی ایس ایل 11 فائنل: وزیراعظم نے شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی

محسن نقوی کی درخواست پر فیصلہ، فرنچائز مالکان نے بھی تماشائیوں کی شرکت کی حمایت کی
(اسلام آباد) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے فائنل میں شائقینِ کرکٹ کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں محسن نقوی نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم سے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم خود بھی شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دینے کے حق میں تھے، تاہم ملک میں جاری کفایت شعاری مہم کے باعث احتیاطی اقدامات پر زور دیا جا رہا تھا۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق فرنچائز مالکان کی درخواست پر وزیراعظم نے پی ایس ایل 11 کے فائنل کیلئے شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی خصوصی اجازت دی۔
محسن نقوی نے اس فیصلے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کرکٹ شائقین کیلئے خوشخبری ہے اور فائنل کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کرے گا۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور ایران امریکا تنازع کے باعث ممکنہ تیل بحران کے پیش نظر حکومت پاکستان نے ملک بھر میں کفایت شعاری مہم شروع کر رکھی ہے، جس کے تحت ایندھن کے استعمال میں کمی کیلئے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 25 اپریل، 2026 کو 09:42 AM
آخری تدوین: 25 اپریل، 2026



