فیفا نے طالبان کی مخالفت کے باوجود افغان خواتین فٹبالرز کو قومی ٹیم کی نمائندگی کی اجازت دے دی

طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان کی فٹبال فیڈریشن نے خواتین ٹیم کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے باعث کئی افغان خواتین کھلاڑی آسٹریلیا، امریکا اور یورپ میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں
( وینکوور ) عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے افغان خواتین فٹبالرز کو باضابطہ طور پر افغانستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کی اجازت دے دی ہے، حالانکہ طالبان حکومت خواتین کے کھیلوں کی مخالفت کرتی رہی ہے۔
فیفا کونسل کے کینیڈا کے شہر وینکوور میں ہونے والے اجلاس میں منظور کی گئی نئی ترمیم کے تحت اب ایسے غیر معمولی حالات میں فیفا خود بھی کسی قومی ٹیم کی منظوری دے سکے گی جہاں کھلاڑیوں کو سیاسی یا حکومتی رکاوٹوں کے باعث بین الاقوامی مقابلوں سے باہر رکھا جا رہا ہو۔
طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان کی فٹبال فیڈریشن نے خواتین ٹیم کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے باعث کئی افغان خواتین کھلاڑی آسٹریلیا، امریکا اور یورپ میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔

فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے فیصلے کو عالمی کھیلوں میں ایک “غیر معمولی اور طاقتور قدم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغان خواتین کو اپنے ملک کی نمائندگی کا حق دینا اصولوں کو عملی شکل دینے کے مترادف ہے۔
افغان خواتین فٹبالرز گزشتہ کئی برسوں سے “افغان ویمن یونائیٹڈ” کے نام سے ایک مہاجر ٹیم کے طور پر کھیل رہی تھیں اور مسلسل مطالبہ کر رہی تھیں کہ انہیں افغانستان کی سرکاری خواتین قومی ٹیم کا درجہ دیا جائے۔
سابق کپتان اور سماجی کارکن خالدہ پوپال نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ شناخت، وقار اور امید کی علامت ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اتحاد کے ذریعے بڑی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
فیفا کے اس فیصلے کے بعد افغان خواتین ٹیم اب مستقبل میں بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کر سکے گی، جبکہ ٹیم کا تربیتی کیمپ جون میں نیوزی لینڈ میں لگایا جائے گا جہاں وہ کک آئیلینڈ کی ٹیم کے خلاف میچ بھی کھیلے گی۔
یہ فیصلہ نہ صرف افغانستان بلکہ دنیا بھر میں ان کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک مثال سمجھا جا رہا ہے جنہیں امتیازی سلوک یا سیاسی حالات کے باعث کھیلوں سے دور رکھا جاتا ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 30 اپریل، 2026 کو 01:04 AM
آخری تدوین: 30 اپریل، 2026



