فیلڈ مارشل عاصم منیر اور عباس عراقچی کی اہم ملاقات، ایران امریکا مذاکرات پر مشاورت

اسلام آباد میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی اہم ملاقات، علاقائی سکیورٹی، پاک ایران تعاون، ایران امریکا مذاکرات اور خطے کے امن پر تفصیلی گفتگو۔
اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال، سکیورٹی تعاون اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں عباس عراقچی کی یہ پہلی باضابطہ ملاقات تھی، جس کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان علاقائی سکیورٹی، سرحدی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور قومی سلامتی مشیر جنرل عاصم ملک بھی شریک ہوئے، جبکہ ایرانی وفد میں نائب وزیر خارجہ غریب آبادی، ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر زور دیا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ سکیورٹی تعاون کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ایرانی سفارتخانے کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی وزیراعظم شہباز شریف سے بھی اہم ملاقات کریں گے، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عسکری قیادت بھی شریک ہوگی۔
اس اہم ملاقات میں ایران امریکا مذاکرات کے دوسرے دور، خطے کی تازہ صورتحال اور امن و استحکام کیلئے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق عباس عراقچی ایرانی صدر مسعود پزشکیانکا خصوصی پیغام بھی وزیراعظم شہباز شریف تک پہنچائیں گے، جبکہ ان کی اسحاق ڈار سے الگ ملاقات بھی شیڈول میں شامل ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 25 اپریل، 2026 کو 08:17 AM
آخری تدوین: 25 اپریل، 2026



