وزیراعظم نے شائقین کو پی ایس ایل پلے آف میچز اسٹیڈیم میں دیکھنے کی مشروط اجازت دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایس ایل 11 پلے آف میچز کیلئے شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی، شرط کے طور پر پبلک ٹرانسپورٹ استعمال اور ذاتی گاڑیوں سے گریز کی ہدایت جاری۔
(اسلام آباد) وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایس ایل سیزن 11 کے پلے آف میچز کے دوران شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ پی ایس ایل پلے آف کے تینوں میچز میں تماشائیوں کی آمد کی منظوری دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملکی کفایت شعاری مہم کے پیش نظر شائقین کیلئے ایک اہم شرط عائد کی گئی ہے، جس کے تحت میچ دیکھنے کیلئے آنے والے افراد کو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایندھن کی بچت کیلئے شائقین حتیٰ الامکان ذاتی گاڑیوں کے استعمال سے گریز کریں تاکہ قومی سطح پر جاری کفایت شعاری مہم کو مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل کے باقی میچوں کیلئے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ شائقین کو محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی چاروں ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شائقین کو معیاری، سنسنی خیز اور بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 27 اپریل، 2026 کو 02:32 PM
آخری تدوین: 27 اپریل، 2026



