غزہ کی ناکہ بندی ختم کرائی جائے، عالمی برادری اسرائیلی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: اسحاق ڈار

اسحاق ڈار نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے غزہ کی ناکہ بندی ختم کرانے کا مطالبہ کیا، 11 ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی مشترکہ بیان جاری کر دیا۔
(اسلام آباد) اسحاق ڈار نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور غزہ کی ناکہ بندی فوری طور پر ختم کرائی جائے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی پانیوں میں عالمی صمود فلوٹیلا کو روکنا ایک غیر قانونی اقدام ہے جبکہ فلوٹیلا پر موجود کارکنان کی گرفتاری بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد میں رکاوٹ ڈالنا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فوری طور پر مداخلت کرے، غزہ کی ناکہ بندی ختم کرائے اور فلوٹیلا پر موجود تمام امدادی کارکنوں کی فوری رہائی یقینی بنائے۔
دوسری جانب دنیا کے 11 ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
ترکیہ، بنگلہ دیش، برازیل، کولمبیا، اردن، لیبیا، ملائیشیا، مالدیپ، پاکستان، جنوبی افریقا اور اسپین کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یہ فلوٹیلا ایک پُرامن، شہری اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام تھا جس کا مقصد غزہ میں انسانی بحران کی جانب عالمی توجہ مبذول کرانا تھا۔
مشترکہ بیان میں اسرائیلی حملے اور غیر قانونی حراست کو بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے اور خلاف ورزیوں پر احتساب کیا جائے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 1 مئی، 2026 کو 06:45 AM
آخری تدوین: 1 مئی، 2026



