وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
کھیل

"میں کبھی بال بوائے تھا" چیمپئن بننے پر بابر اعظم کا جذباتی پیغام

W
Web Desk
4 مئی، 2026
"میں کبھی بال بوائے تھا"  چیمپئن بننے پر بابر اعظم کا جذباتی پیغام

پشاور زلمی کے چیمپئن بننے پر بابر اعظم کا جذباتی بیان، کہا میں کبھی بال بوائے تھا، محنت کبھی ضائع نہیں جاتی، فارم میں واپسی پر خوشی کا اظہار۔

(لاہور) بابر اعظم نے پشاور زلمی کی چیمپئن شپ جیتنے کے بعد ایک جذباتی بیان میں اپنے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کبھی ایک بال بوائے تھے اور باؤنڈری لائن پر کھڑے ہو کر بڑے خواب دیکھا کرتے تھے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں بابر اعظم نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا، "الحمدللہ، چیمپئنز"۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے کیونکہ ہر مشکل وقت میں پوری ٹیم متحد رہی اور ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔

اپنی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا، "میں کبھی ایک بال بوائے تھا، باؤنڈری پر کھڑا ہو کر خواب دیکھا کرتا تھا۔" انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ اگر کوئی بھی آج محنت اور یقین کے ساتھ میدان میں اترے تو کامیابی اس کا مقدر بن سکتی ہے کیونکہ محنت کبھی ضائع نہیں جاتی۔

بابر اعظم نے اپنی کامیابی کو فیملی، ٹیم مینجمنٹ اور دوستوں کی حمایت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کی اور اپنی غلطیوں پر قابو پایا۔ مشکل وقت میں قریبی دوستوں، فیملی اور کوچز کی سپورٹ نے انہیں دوبارہ فارم میں آنے میں مدد دی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی فارم میں واپسی پر خوش ہیں اور اس تسلسل کو برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ بطور کپتان وہ ہمیشہ مخالف ٹیم کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی ترتیب دیتے ہیں۔

بابر اعظم نے سابق عظیم کرکٹر ظہیر عباس کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں ان کی حوصلہ افزائی نے انہیں مضبوط بنایا۔

انہوں نے گراؤنڈ اسٹاف کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ اچھی پچز کی تیاری میں ان کا اہم کردار ہوتا ہے، جبکہ اپنے والدین اور مداحوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 4 مئی، 2026 کو 05:12 AM

آخری تدوین: 4 مئی، 2026

متعلقہ مضامین