ایران سے جنگ کی حمایت نہیں، جوہری ہتھیار کی اجازت بھی نہیں دیں گے,صدر ڈونلڈ ٹرمپ

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ کے حامی نہیں، تاہم امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا، اور ضرورت پڑی تو مکمل طاقت استعمال کی جائے گی۔
(واشنگٹن )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ کے حامی نہیں اور انہیں جنگیں پسند نہیں، تاہم امریکا ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور اس کی قیادت کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس اب نہ مؤثر بحریہ رہی ہے، نہ فضائیہ اور نہ ہی قابلِ اعتماد ریڈار سسٹم موجود ہے، جبکہ امریکا خطے میں مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکا جدید ترین ہتھیاروں اور تمام دستیاب وسائل کا استعمال کرے گا، کیونکہ امریکی فوج مکمل طور پر تیار ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ذاتی طور پر جنگ کے خلاف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اب مذاکرات میں پہلے سے زیادہ لچک دکھا رہا ہے، لیکن اگر حالات بگڑے تو ایران کو ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا جن کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا۔
معاشی پہلو پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود تیل کی قیمتیں توقع کے مطابق نہیں بڑھیں، اور جنگ کے خاتمے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے ساتھ جاری تناؤ کے باوجود امریکی اسٹاک مارکیٹس نئی بلندیوں پر پہنچ رہی ہیں اور ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، چاہے حالات “چھوٹی جنگ” جیسے کیوں نہ ہوں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 5 مئی، 2026 کو 07:03 AM
آخری تدوین: 5 مئی، 2026



