ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت پر سوالات، 59 فیصد امریکیوں نے نااہل قرار دے دیا

تازہ سروے کے مطابق 59 فیصد امریکی شہریوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ذہنی اور جسمانی طور پر صدارت کے لیے نااہل قرار دیا، جبکہ 40 فیصد اب بھی ان پر اعتماد رکھتے ہیں۔
(واشنگٹن )امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت اور صحت سے متعلق ایک نئے سروے نے سیاسی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے انہیں صدارتی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے غیر موزوں قرار دیا ہے۔
یہ سروے اے بی سی نیوز اور اپسوس کے اشتراک سے کیا گیا، جس کے مطابق 59 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ کی ذہنی صلاحیت اس سطح کی نہیں کہ وہ مؤثر انداز میں ملکی قیادت کر سکیں۔
سروے میں شامل افراد کی اکثریت نے یہ بھی رائے دی کہ بطور کمانڈر ان چیف، ٹرمپ جسمانی اور ذہنی طور پر مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں۔
دوسری جانب 40 فیصد امریکی شہریوں نے اب بھی ٹرمپ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں قیادت کے لیے اہل قرار دیا، جبکہ ایک فیصد نے اس معاملے پر رائے دینے سے گریز کیا۔
اپنی صحت سے متعلق تنقید کے جواب میں صدر ٹرمپ کا مؤقف مختلف رہا ہے۔ وہ متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ وہ آج بھی خود کو اتنا ہی توانا اور چاق و چوبند محسوس کرتے ہیں جتنا وہ پچاس سال پہلے کرتے تھے۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کے سروے عوامی رائے کی عکاسی کرتے ہیں، تاہم حتمی فیصلہ ہمیشہ ووٹرز ہی کرتے ہیں، جو انتخابات میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 5 مئی، 2026 کو 06:24 AM
آخری تدوین: 5 مئی، 2026



