ایرانی تیل برآمدات پر پابندیوں کے اثرات پوری دنیا کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں، محمد رضا عارف

ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے خبردار کیا کہ ایرانی تیل برآمدات پر پابندیوں سے عالمی ایندھن قیمتیں متاثر ہوں گی، دنیا کے سامنے تیل کی منڈی آزاد رکھنے یا بحران کا سامنا کرنے کے دو راستے۔
(تہران) ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی تیل کی برآمدات پر پابندیوں کے اثرات پوری دنیا کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں اور عالمی توانائی منڈی میں عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا کہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں استحکام اسی صورت ممکن ہے جب ایران کے تیل پر عائد معاشی اور عسکری دباؤ ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ایران کی تیل برآمدات کو محدود کرنا اور دوسری طرف دیگر ممالک کے لیے بلا رکاوٹ سلامتی کی توقع رکھنا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کی عالمی منڈی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور کسی ایک ملک پر پابندیاں پوری دنیا کو متاثر کرتی ہیں۔
محمد رضا عارف نے واضح کیا کہ دنیا کے سامنے دو ہی راستے ہیں، یا تو سب کے لیے تیل کی منڈی کو آزاد رکھا جائے یا پھر پابندیوں کے نتیجے میں آنے والے سنگین اخراجات اور ممکنہ بحران کو قبول کیا جائے۔
ایرانی نائب صدر کے اس بیان کو خطے میں جاری کشیدگی اور ایران پر ممکنہ نئی پابندیوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ توانائی کی عالمی منڈی میں بھی اس بیان کے بعد تشویش بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 20 اپریل، 2026 کو 05:23 AM
آخری تدوین: 20 اپریل، 2026



