وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

ایران کا امریکا سے مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے پاکستان نہ جانے کا اعلان

W
Web Desk
20 اپریل، 2026
ایران کا امریکا سے مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے پاکستان نہ جانے کا اعلان

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ موجودہ حالات میں امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ترجمان کے مطابق واشنگٹن کی پالیسیوں میں کوئی مثبت تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی، جس کی وجہ سے مذاکراتی عمل آگے بڑھانا ممکن نہیں رہا۔

ترجمان نے الزام عائد کیا کہ امریکا اب بھی غیر حقیقی مطالبات پر انحصار کر رہا ہے اور ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابقہ معاہدوں کے دوران بھی امریکا نے بارہا خلاف ورزیاں کیں، جن میں جنگ بندی کے اصولوں کے برعکس اقدامات اور بحری ناکہ بندی شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ سفارتکاری میں سنجیدہ نہیں ہیں بلکہ صرف الزام تراشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ترجمان کے مطابق ایران اپنے قومی مفادات کا ہر صورت تحفظ کرے گا اور کسی بھی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔

ایران نے خبردار کیا کہ اگر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کسی نئی جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت کے دوران امریکا کی مبینہ خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد مذاکرات میں ایران کی جانب سے پیش کی گئی 10 نکاتی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

ترجمان نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ، پر زور دیا کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی پالیسیوں کے تسلسل سے نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی عدم استحکام بڑھ سکتا ہے۔

مزید برآں، ترجمان نے واضح کیا کہ افزوده یورینیم کی منتقلی سے متعلق امریکا کے میڈیا بیانات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں، کیونکہ مذاکرات کے دوران اس موضوع پر کوئی بات نہیں کی گئی۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 20 اپریل، 2026 کو 08:54 AM

آخری تدوین: 20 اپریل، 2026

متعلقہ مضامین