ایران امریکا ثالثی میں اہم پیشرفت، وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب اور ترکیہ کے دورے کا امکان

ایران اور امریکا کے درمیان جاری ثالثی عمل میں اہم پیشرفت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کے جلد سعودی عرب کے دورے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جہاں وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔
(اسلام آباد )ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ سعودی عرب جائیں گے، جس کے بعد وہ ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے۔ اس دورے کے دوران اہم علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے آئندہ لائحہ عمل پر بات چیت ہوگی، جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مستقل جنگ بندی کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ اور مشترکہ سفارتی کوششوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور ایک ماہ سے کم عرصے میں وزیراعظم کا یہ دوسرا ممکنہ دورہ ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کی توسیع کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے قریبی رفقاء اور اعلیٰ حکام کا مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ کے سینئر اراکین اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے، جہاں ایران امریکا مذاکرات کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں جنگ بندی پر عملدرآمد، اس کی توسیع اور پاکستان کے سفارتی کردار پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور آئندہ دنوں میں اہم پیشرفت کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 13 اپریل، 2026 کو 11:39 AM
آخری تدوین: 13 اپریل، 2026



