پی ایس ایل 11: ملتان سلطانز کا شاندار تعاقب، حیدرآباد کنگز مین کو 6 وکٹوں سے شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد حیدرآباد کنگز مین کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری نے سلطانز کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے 226 رنز کا بڑا ہدف 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سلطانز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 106 رنز اسکور کیے، جبکہ عرفات منہاس 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
دیگر بلے بازوں میں اسٹیو اسمتھ 46، شان مسعود 29، جوش فلیپی 9 اور کپتان ایشٹن ٹرنر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے صائم ایوب نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہیش ٹھیکشانا اور حسن خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے۔ کنگز مین کی جانب سے معاذ صداقت 62 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ شرجیل خان نے 51 رنز کی برق رفتار ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں صائم ایوب 27، عثمان خان 25، سید سعد علی 23 اور کپتان مارنس لبوشین 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عرفان خان 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشٹن ٹرنر، پیٹر سڈل اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 1 اپریل، 2026 کو 08:06 PM
آخری تدوین: 1 اپریل، 2026



