وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
امریکا

امریکا ایران مذاکرات ناکام، کافی لچک دکھائی مگر پیشرفت نہ ہو سکی: جے ڈی وینس

W
Web Desk
12 اپریل، 2026
امریکا ایران مذاکرات ناکام، کافی لچک دکھائی مگر پیشرفت نہ ہو سکی: جے ڈی وینس

جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے طویل مذاکرات کے باوجود امریکا اور ایران کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بتایا کہ مذاکرات تقریباً 16 گھنٹے تک جاری رہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان کسی معاہدے پر اتفاق نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے مذاکرات میں کافی لچک کا مظاہرہ کیا لیکن ایرانی قیادت امریکی شرائط قبول کرنے پر آمادہ نہیں ہوئی۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ "ہم اس نکتے تک نہیں پہنچ سکے جہاں ایرانی ہماری شرائط قبول کرتے، میرے خیال میں ہم نے کافی لچک کا مظاہرہ کیا، صدر نے ہدایت کی تھی کہ نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کریں اور ہم نے ایسا ہی کیا، لیکن افسوس کہ کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔"

امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ امریکا نے اپنی ریڈ لائن واضح کر دی تھی لیکن ایرانی وفد نے ان شرائط کو ماننے سے انکار کر دیا۔

ان کا کہنا تھا ایرانی وفد سےجوہری ہتھیاروں سےمتعلق کوئی واضح عزم نہیں سنا، ہمیں واضح یقین دہانی درکار ہےکہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرے گا، امریکی صدرکا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہ بنائے۔

نائب صدر بولے  ہم نے اپنی ریڈ لائنز اور جن چیزوں کو موزوں بنا سکتے ہیں وہ بتادی ہیں، ایرانیوں کو وہ چیزیں بھی بتائیں جو ہم ایڈجسٹ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے مذاکرات میں سہولت کاری پر شہبازشریف اور ٰعاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات کرانے میں مثبت کردار ادا کیا۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ وہ 21 گھنٹے تک اسلام آباد میں موجود رہے تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں دو ہفتوں کی عارضی جنگ بندی پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔

مذاکرات کی ناکامی کے بعد خطے میں صورتحال کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے اور آئندہ پیش رفت پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 12 اپریل، 2026 کو 02:01 AM

آخری تدوین: 12 اپریل، 2026

متعلقہ مضامین