امریکی فوج کے ایران پر نئے حملے، بندر عباس میں دھماکے، متعدد ڈرونز مار گرائے گئے

امریکی حکام کے مطابق امریکی فوج نے ایران کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور متعدد ایرانی ڈرونز مار گرائے۔ بندر عباس میں دھماکوں کے بعد فضائی دفاعی نظام بھی فعال کر دیا گیا
امریکی فوج نے ایران کی فوجی تنصیبات پر نئے حملے کرتے ہوئے متعدد ایرانی ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق جس فوجی سائٹ کو نشانہ بنایا گیا، اسے آبنائے ہرمز میں موجود امریکی افواج اور تجارتی بحری جہازوں کے لیے خطرہ سمجھا جا رہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد امریکی فوجی تنصیبات اور عالمی تجارتی بحری ٹریفک کو لاحق خطرات کا خاتمہ کرنا تھا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی کے دوران متعدد ایرانی ڈرونز بھی تباہ کیے گئے۔
اس سے قبل ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نے رپورٹ کیا تھا کہ بندر عباس کے مشرقی علاقے میں مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ڈیڑھ بجے تین زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ دھماکوں کی نوعیت اور درست مقام فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا، تاہم واقعے کے بعد بندر عباس کے فضائی دفاعی نظام کو مختصر وقت کے لیے فعال کر دیا گیا تھا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں بڑھتی کشیدگی عالمی تجارت اور تیل کی سپلائی کے لیے خطرات میں اضافہ کر سکتی ہے، کیونکہ دنیا کی بڑی مقدار میں تیل کی ترسیل اسی اہم بحری راستے سے ہوتی ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 28 مئی، 2026 کو 05:26 AM
آخری تدوین: 28 مئی، 2026



