ورجینیا کے چاند رات میلے میں عید کا جوش، میرا، عمران فدا اور ہربی سنگھ کی شرکت
محمد نعیم اختر
امریکہ کی ریاست ورجینیا کے شہر مناسس میں منعقدہ چاند رات میلے میں پاکستانی، بھارتی اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔ میرا، عمران فدا اور ہربی سنگھ کی پرفارمنس نے تقریب کو یادگار بنا دیا
(ورجینیا) امریکہ کی ریاست ورجینیا کے شہر مناسس میں منعقد ہونے والے رنگا رنگ چاند رات میلے میں پاکستانی، بھارتی اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جہاں عید کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منایا گیا۔

میلے میں کپڑوں، جوتوں، جیولری، مہندی، کھانے پینے کی اشیاء، بچوں کے کھیلوں اور دیگر ثقافتی مصنوعات کے درجنوں اسٹالز سجائے گئے تھے۔ شرکاء نے خریداری کے ساتھ مختلف تفریحی سرگرمیوں سے بھی خوب لطف اٹھایا۔ خواتین اور بچوں نے خصوصی طور پر مہندی اور فیشن سے متعلق سرگرمیوں میں گہری دلچسپی دکھائی۔

تقریب کے دوران معروف گلوکارعمران فد ا اور بھنگڑا سنگر ہربی سنگھنے اپنی شاندار پرفارمنس سے محفل کو گرما دیا۔ حاضرین نے موسیقی پر خوب محظوظ ہوتے ہوئے فنکاروں کو بھرپور داد دی۔

پاکستانی اداکارہ میرا نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور لائیو گفتگو کے دوران امریکہ میں مقیم پاکستانیوں اور دیگر کمیونٹیز کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک رہنے والے افراد اپنی ثقافت اور روایات کو زندہ رکھ کر نئی نسل کو اپنی شناخت سے جوڑے رکھ سکتے ہیں۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے ثقافتی اور سماجی پروگرام نہ صرف تفریح کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں بلکہ وطن سے دور بسنے والے افراد کو اپنی تہذیب، ثقافت اور روایات کے قریب بھی لے آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اجتماعات پردیس میں رہتے ہوئے وطن کی یاد کو کسی حد تک کم کر دیتے ہیں۔

میلے کے منتظمین کے مطابق مستقبل میں بھی اسی طرح کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جا سکے اور عید سمیت دیگر ثقافتی تہواروں کی خوشیاں مل جل کر منائی جا سکیں۔


محمد نعیم اختر
محمد نعیم اختر، واشنگٹن ڈی سی میں وائسز آف امریکا کیلئے بطور بیوروچیف فرائض انجام دے رہے ہیں
شائع ہوا: 29 مئی، 2026 کو 04:55 AM
آخری تدوین: 29 مئی، 2026



