آبنائے ہرمز میں کشیدگی، ایرانی پاسداران انقلاب نے دو بحری جہاز قبضے میں لے لیے

ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں دو بحری جہاز قبضے میں لے لیے، برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق تین جہازوں پر فائرنگ، عملہ محفوظ رہا۔
(ہران) آبنائے ہرمز میں کشیدگی مزید بڑھ گئی، ایرانی پاسداران انقلاب نے دو بحری جہازوں کو قبضے میں لے لیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق قبضے میں لیے گئے بحری جہازوں میں سے ایک ایم ایس سی فرانسسکا اسرائیل کی ملکیت ہے جبکہ دوسرے جہاز پر پاناما کا جھنڈا لہرا رہا تھا۔ رپورٹس کے مطابق دونوں جہازوں کو سمندر سے ایرانی ساحل کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بھی آبنائے ہرمز میں کشیدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آج تین بحری جہازوں پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے تاہم تمام جہازوں کا عملہ محفوظ رہا۔
میری ٹائم ایجنسی کے مطابق عمان کے ساحل سے تقریباً 15 ناٹیکل میل دور ایک بحری جہاز پر بھی حملہ کیا گیا، جہاں ایرانی پاسداران انقلاب کی گن بوٹس نے جہاز کو گھیرنے کی کوشش کی اور فائرنگ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں جہاز کے برج کو شدید نقصان پہنچا تاہم جہاز میں آگ نہیں لگی اور عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے۔
آبنائے ہرمز میں اس تازہ صورتحال کے بعد عالمی سطح پر تشویش بڑھ گئی ہے جبکہ توانائی کی عالمی منڈی اور جہاز رانی کے نظام پر بھی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 22 اپریل، 2026 کو 11:52 AM
آخری تدوین: 22 اپریل، 2026



