وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
پاکستان

پاکستان اور چین کا قومی مفادات پر ایک دوسرے کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعلان

W
Web Desk
25 مئی، 2026
پاکستان اور چین کا قومی مفادات پر ایک دوسرے کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف اور چین کے وزیر اعظم لی چیانگ ملاقات: پاکستان اور چین کا سی پیک اور قومی مفادات پر مکمل تعاون کا اعادہ

بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک نے بنیادی قومی مفادات سے متعلق تمام امور پر ایک دوسرے کی مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ ملاقات پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سی پیک، سکیورٹی تعاون، اقتصادی روابط اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے جبکہ دونوں ممالک کی آہنی دوستی باہمی اعتماد، ترقی، امن اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر قائم ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اقتصادی راہداری نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں انقلابی کردار ادا کیا ہے اور سی پیک کے اگلے مرحلے پر تیزی سے عملدرآمد ناگزیر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سی پیک کے نئے مرحلے میں صنعتکاری، زراعت، ڈیجیٹل تبدیلی، سائنس و ٹیکنالوجی، صاف توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے اور پاکستان کے ترقیاتی پروگرام “اڑان پاکستان” کے درمیان ہم آہنگی کو بھی اہم قرار دیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، اسٹریٹجک، سکیورٹی اور عوامی روابط کے شعبوں میں بڑھتے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ طے شدہ منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں چینی شہریوں، کمپنیوں اور منصوبوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خلائی تحقیق، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ چین کے خلائی اسٹیشن پروگرام کے لیے پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعاون کی نئی مثال ہے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر ریلوے حنیف عباسی، مشیرِ وزیرِ اعظم ہارون اختر اور وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 25 مئی، 2026 کو 06:47 PM

آخری تدوین: 25 مئی، 2026

متعلقہ مضامین