وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
تازہ ترین

مومنہ اقبال کی ہراساں کرنے کی شکایت پر این سی سی آئی اے نے سیاسی شخصیت کو طلب کرلیا

W
Web Desk
21 مئی، 2026
مومنہ اقبال کی ہراساں کرنے کی شکایت پر این سی سی آئی اے نے سیاسی شخصیت کو طلب کرلیا

اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے ہراسگی اور سائبر بُلنگ کے الزامات کے بعد نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے باضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا خان کو طلب کر لیا ہے۔

(کراچی) میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی سی آئی اے نے دونوں افراد کو 22 مئی بروز جمعہ پیش ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ انہیں ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے طویل عرصے سے آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، ذہنی دباؤ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔

اداکارہ نے گزشتہ روز انسٹاگرام اسٹوری پر ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اس معاملے کی متعدد بار این سی سی آئی اے، اور پنجاب پولیس کو شکایات درج کروائیں، تاہم مبینہ سیاسی اثر و رسوخ کے باعث مناسب کارروائی نہیں ہو سکی۔

مومنہ اقبال کے مطابق انصاف فراہم کرنے کے بجائے ان کی حوصلہ شکنی کی گئی جبکہ انہیں اور ان کے اہلخانہ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ان کے خاندان کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔

اداکارہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اعلیٰ حکام، اہم سرکاری دفاتر، نیوز چینلز اور مختلف میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی ٹیگ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال یا انصاف کی راہ میں رکاوٹ بننے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔

مومنہ اقبال کی پوسٹ منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی معاملہ زیر بحث آ گیا، جہاں متعدد صارفین نے سیاسی شخصیات اور متعلقہ اداروں کو ٹیگ کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

اداکارہ کے الزامات اور این سی سی آئی اے کی کارروائی کے بعد اب نظریں آئندہ پیش رفت پر مرکوز ہیں کہ تحقیقات کس سمت آگے بڑھتی ہیں اور مزید کیا حقائق سامنے آتے ہیں۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 21 مئی، 2026 کو 01:23 PM

آخری تدوین: 21 مئی، 2026

متعلقہ مضامین