ایران کا اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، اہم ملاقاتوں کا آغاز متوقع

ایران کا اعلیٰ سطحی وفد امریکہ کے ساتھ ممکنہ جنگ بندی مذاکرات میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گیا، جہاں پاکستانی اعلیٰ قیادت نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
(اسلام آباد)ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی وفد کے ہمراہ ہیں۔ وفد کی آمد کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد پہنچنے پر ایرانی وفد کا استقبال فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور ایران کے درمیان اہم علاقائی امور اور جنگ بندی سے متعلق معاملات پر ابتدائی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے اور فریقین کشیدگی کم کرنے کے لیے مثبت پیش رفت کریں گے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وفد کی پاکستانی قیادت سے مزید اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، ایران امریکہ کشیدگی اور ممکنہ جنگ بندی کے امور زیر غور آئیں گے۔ مبصرین کے مطابق یہ مذاکرات مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 11 اپریل، 2026 کو 03:11 AM
آخری تدوین: 11 اپریل، 2026



