لبیک اللھم لبیک! مناسکِ حج کا آغاز، لاکھوں عازمین کا منیٰ کی جانب رُخ

مناسک حج کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، لاکھوں عازمین حج خیموں کے شہر منیٰ پہنچ گئے۔ وقوف عرفہ کی تیاری مکمل، سعودی محکمہ موسمیات نے 47 ڈگری گرمی اور گرد آلود ہواؤں کا الرٹ جاری کردیا
(مکہ مکرمہ)دنیا بھر سے آئے لاکھوں فرزندانِ اسلام نے حج 2026 کے عظیم سفر کا آغاز کرتے ہوئے خیموں کے شہر منیٰ کا رخ کر لیا۔ “لبیک اللھم لبیک” کی روح پرور صداؤں سے مقدس فضائیں گونج اٹھیں جبکہ حجاج کرام کی منیٰ آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔
حجاج کرام پیر کی شب منیٰ میں قیام کریں گے، جس کے بعد 9 ذی الحج بروز منگل نمازِ فجر کی ادائیگی کے فوراً بعد میدانِ عرفات روانہ ہوں گے جہاں حج کے سب سے اہم رکن “وقوفِ عرفہ” کی ادائیگی کی جائے گی۔
عازمین میدان عرفات میں خطبۂ حج سنیں گے اور ظہر و عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔ وقوف عرفہ کے بعد حجاج کرام مغرب کے بعد مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ رات قیام کریں گے۔
دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ حج کے دوران مکہ مکرمہ اور گردونواح میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد رہے گا۔ کھلے علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بیرونِ ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں بڑی تعداد فضائی راستے سے سعودی عرب پہنچی۔ حکام کے مطابق تقریباً 30 فیصد عازمین “مکہ روٹ انیشی ایٹو” کے ذریعے سعودی عرب پہنچے۔
حجاج کرام کی سہولت اور حفاظت کے لیے مقدس مقامات پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں سایہ دار مقامات، کولنگ فینز، ٹھنڈے پانی کی فراہمی اور جدید طبی سہولیات شامل ہیں تاکہ شدید گرمی کے باوجود زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
سعودی حکام جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے حج انتظامات کو مؤثر بنانے میں مصروف ہیں تاکہ لاکھوں عازمین اپنے مذہبی فرائض آسانی اور اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 25 مئی، 2026 کو 03:54 AM
آخری تدوین: 25 مئی، 2026



