فیصلہ امریکا نے کرنا ہے، اعتماد حاصل کر سکتا ہے یا نہیں؟ باقر قالیباف

باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اب فیصلہ امریکا کو کرنا ہے کہ آیا وہ ایران کا اعتماد حاصل کر سکتا ہے یا نہیں۔
(اسلام آباد) ایرانی مذاکراتی وفد کے سربراہ باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا ایران کے مؤقف اور اصولوں کو سمجھ چکا ہے، تاہم اس مرحلے پر مخالف فریق ایرانی وفد کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی وفد نے مذاکرات میں مستقبل پر مبنی تجاویز پیش کیں اور سنجیدہ پیش رفت کی کوشش کی۔
باقر قالیباف نے مذاکراتی عمل کو ممکن بنانے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں اور ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
دوسری جانب جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کو فائنل آفر دے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ نہیں ہو سکا تاہم امریکا بہترین پیشکش دے کر جا رہا ہے اور ایران کے جواب کا انتظار ہے۔
جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ امریکا کو ایران کی جانب سے ایٹمی ہتھیار نہ بنانے کی واضح یقین دہانی درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے مذاکرات میں لچک کا مظاہرہ کیا لیکن تہران نے شرائط قبول نہیں کیں۔
امریکی نائب صدر نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے امن کے قیام کیلئے تعمیری اور مثبت کردار ادا کیا۔
مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان آئندہ پیش رفت کا انتظار کیا جا رہا ہے جبکہ خطے کی صورتحال بدستور حساس قرار دی جا رہی ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 12 اپریل، 2026 کو 01:51 PM
آخری تدوین: 12 اپریل، 2026



