وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
پاکستان

پاکستان اور آئی ایم ایف میں توانائی شعبے کی سبسڈی میں کمی پر اتفاق

W
Web Desk
4 اپریل، 2026
پاکستان اور آئی ایم ایف میں توانائی شعبے کی سبسڈی میں کمی پر اتفاق

پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کے تحت توانائی شعبے میں سبسڈی میں بتدریج کمی پر اتفاق ہو گیا ہے، جبکہ حکومت نے گردشی قرضے میں کمی اور بجلی و گیس کے ٹیرف میں بروقت اضافے کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔

(اسلام آباد) تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کے توانائی شعبے میں سبسڈی میں نمایاں کمی پر زور دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے توانائی شعبے کی سبسڈی 1186 ارب روپے سے کم کر کے 830 ارب روپے تک محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق سبسڈی کو محدود کرتے ہوئے اسے صرف زرعی ٹیوب ویلز اور قبائلی علاقوں کے واجبات تک رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ دیگر شعبوں میں سبسڈی بتدریج ختم کی جائے گی۔

حکام کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کو بجلی اور گیس کے ٹیرف میں بروقت ایڈجسٹمنٹ کی یقین دہانی بھی کرائی ہے تاکہ توانائی شعبے کے مالی خسارے کو کم کیا جا سکے۔

آئی ایم ایف نے بجلی کے شعبے میں گردشی قرضے پر قابو پانے، بجلی چوری اور لائن لاسز میں کمی لانے پر بھی زور دیا ہے۔ حکومت نے اس حوالے سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا منصوبہ بھی شیئر کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے آئندہ مالی سال میں گردشی قرضے کے بہاؤ کو صفر پر لانے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ آئی ایم ایف نے مالی سال 2031 تک پاور سیکٹر کے گردشی قرضے کو مکمل ختم کرنے پر زور دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ توانائی شعبے کی اصلاحات کے تحت بجلی اور گیس کی ریکوری بہتر بنانے پر بھی کام جاری ہے، جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری یا نجی انتظام میں منتقلی 2027 کے اوائل تک متوقع ہے۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 4 اپریل، 2026 کو 07:53 AM

آخری تدوین: 4 اپریل، 2026

متعلقہ مضامین