اسلام آباد ہائیکورٹ ججز ٹرانسفر تنازع: جسٹس بابر ستار کا چیف جسٹس کو خط، کمیشن اجلاس میں سنے جانے کا مطالبہ

جسٹس بابر ستار نے ججز ٹرانسفر کے معاملے پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھتے ہوئے درخواست کی ہے کہ انہیں ٹرانسفر سے قبل اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔
(اسلام آباد) ذرائع کے مطابق جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس پاکستان سے، جو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے سربراہ بھی ہیں، استدعا کی ہے کہ وہ اس معاملے کو ذاتی طور پر سنیں۔
خط میں انہوں نے آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 200 کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کسی بھی جج کے تبادلے سے پہلے اسے سنا جانا آئینی تقاضا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے ممکنہ تبادلوں پر غور کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، جس میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار، جسٹس ثمن رفعت امتیاز، جسٹس ارباب طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو کے نام زیر غور آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ابتدائی طور پر اس اجلاس کی مخالفت کی تھی، تاہم چیف جسٹس سرفراز ڈوگر سمیت پانچ ارکان کی ریکوزیشن پر اجلاس بلایا گیا۔
قانونی ماہرین کے مطابق یہ معاملہ نہ صرف ججز کے تبادلوں کے طریقہ کار بلکہ عدالتی شفافیت اور خودمختاری کے حوالے سے بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 28 اپریل، 2026 کو 06:02 AM
آخری تدوین: 28 اپریل، 2026



