پاکستان کی سفارتی پیش رفت: عالمی اعتماد میں اضافہ، ثالثی کردار مضبوط ہو رہا ہے، رضوان شیخ

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر سفارتی کامیابی حاصل کر رہا ہے اور مشرق وسطیٰ میں ثالثی کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
(واشنگٹن)امریکا میں پاکستان کے سفیر ضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے سفارتی کامیابی کی جانب بڑھ رہا ہے اور عالمی سطح پر ایک نتیجہ خیز کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا اب یہ سمجھنے لگی ہے کہ پاکستان نہ صرف معاہدے کرانے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ ان پر عمل درآمد میں بھی کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
سفارتکاری کے ساتھ دفاعی صلاحیت کا بھی کردار
رضوان شیخ کے مطابق پاکستان کی ابھرتی ہوئی حیثیت صرف سفارتی کوششوں کا نتیجہ نہیں بلکہ اس میں ملک کی دفاعی صلاحیت بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا بلکہ استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرتا ہے۔
مشرق وسطیٰ میں ثالثی کی کوششیں
سفیر نے کہا کہ پاکستان ماضی کی طرح اب بھی مشرق وسطیٰ میں اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور مختلف ممالک کے درمیان اعتماد سازی میں مصروف ہے۔ ان کے مطابق پاکستان متعدد عالمی طاقتوں اور علاقائی ممالک کا اعتماد حاصل کر کے ثالثی کی کوششیں کر رہا ہے، جن
میں ایران،روس،چین،امریکا خلیجی ممالک ترکیے، مصر اور یورپی یونین شامل ہیں۔
پاک-امریکا تعلقات: دہائیوں پر محیط شراکت
رضوان سعید شیخ نےامریکا اور پاکستان کے تعلقات کو 8 دہائیوں پر محیط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان تعلقات میں اتار چڑھاؤ ضرور آیا، مگر دونوں ممالک نے ہر مشکل مرحلے پر قابو پایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہی مضبوطی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک-امریکا تعلقات ایک دیرپا اور اہم شراکت داری ہیں۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 28 اپریل، 2026 کو 05:44 AM
آخری تدوین: 28 اپریل، 2026



