لبیک اللھم لبیک! حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ آج ادا کیا جائے گا

دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمینِ حج آج وقوفِ عرفہ ادا کریں گے، میدان عرفات میں خطبۂ حج، دعاؤں اور عبادات کا روح پرور سلسلہ جاری رہے گا، سعودی حکومت کی جانب سے خصوصی انتظامات مکمل کر لئے گئے
مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں مناسکِ حج کا روح پرور سلسلہ جاری ہے اور آج 9 ذوالحجہ کو حج کا رکنِ اعظم ’’وقوفِ عرفہ‘‘ ادا کیا جائے گا۔ دنیا بھر سے آئے تقریباً 18 لاکھ عازمینِ حج میدانِ عرفات میں جمع ہو کر اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ، استغفار اور خصوصی دعاؤں میں مصروف رہیں گے۔
اس سے قبل حجاجِ کرام نے خیموں کے شہر منیٰ میں رات گزاری، جہاں ہر طرف لبیک اللھم لبیک کی صدائیں گونجتی رہیں اور ایمان افروز مناظر دیکھنے میں آئے۔
آج مسجدِ نمرہ سے خطبۂ حج دیا جائے گا جسے لاکھوں عازمین براہِ راست سنیں گے، جبکہ حجاج کرام ظہر اور عصر کی نمازیں قصر کے ساتھ ملا کر ادا کریں گے۔
میدانِ عرفات میں غروبِ آفتاب تک عبادات اور دعاؤں کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کے بعد عازمین مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے۔ مزدلفہ میں مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی جبکہ جمرات کو مارنے کیلئے کنکریاں بھی جمع کی جائیں گی۔
10 ذوالحجہ کی صبح حجاج مزدلفہ سے واپس منیٰ پہنچیں گے جہاں بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی، حلق یا قصر اور احرام کھولنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ بعد ازاں حجاج کرام مکہ مکرمہ جا کر طوافِ زیارت ادا کریں گے۔
منیٰ میں قیام کے دوران حجاج بقیہ ایام میں بھی رمی جمرات کا عمل جاری رکھیں گے اور 12 ذوالحجہ کو غروبِ آفتاب سے قبل منیٰ سے روانہ ہوں گے، جس کے ساتھ حج کے مناسک مکمل ہو جائیں گے۔
دوسری جانب سعودی حکومت نے شدید گرمی اور گردوغبار کے ممکنہ طوفان کے پیش نظر میدانِ عرفات اور اطراف میں خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ عازمین کی سہولت کیلئے سایہ دار شیڈز، جدید کولنگ فینز، پانی کی پھوار کے نظام اور خصوصی راہداریاں قائم کی گئی ہیں تاکہ حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 26 مئی، 2026 کو 04:08 AM
آخری تدوین: 26 مئی، 2026



