یوروایشیا شارٹس 2026 فلم فیسٹیول، پاکستانی سفارت خانے کی میزبانی کو بھرپور پذیرائی

فیسٹیول کے دوران پاکستان اور فرانس کی دو، دو شارٹ فلمیں دکھائی گئیں جبکہ نوجوانوں پر مشتمل پرجوش شرکاء نے ایوارڈ یافتہ فلم سازوں کے سنیماٹک مکالمے سے بھی بھرپور لطف اٹھایا
(واشنگٹن ) امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام یوروایشیا شارٹس 2026 فلم فیسٹیول کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں امریکی محکمہ خارجہ، سفارتی برادری، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی
تقریب کا آغاز پاکستان، امریکہ اور فرانس کے قومی ترانوں کی دھنوں سے کیا گیا۔ یوروایشیا شارٹس واشنگٹن میں قائم سفارت خانوں اور ثقافتی مراکز کے تعاون سے منعقد ہونے والا شارٹ فلموں کا سالانہ فیسٹیول ہے، جس میں اس سال پاکستان نے پہلی مرتبہ شرکت کرتے ہوئے اپنی مختصر فلموں کے ذریعے قومی عزم، استقامت اور معاشرتی طاقت کو اجاگر کیا

وزارتِ اطلاعات و نشریات اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے تعاون سے پیش کی جانے والی پاکستانی فلموں نے شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ فیسٹیول کے دوران پاکستان اور فرانس کی دو، دو شارٹ فلمیں دکھائی گئیں جبکہ نوجوانوں پر مشتمل پرجوش شرکاء نے ایوارڈ یافتہ فلم سازوں کے سنیماٹک مکالمے سے بھی بھرپور لطف اٹھایا۔
اس موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کی میزبانی پاکستان کی ثقافتی مکالمے اور تخلیقی تعاون سے وابستگی کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تخلیقی صلاحیتیں ہزاروں سال پرانی تہذیبی روایت سے جڑی ہیں اور مہرگڑھ سے وادیِ سواں تک یہ خطہ علم، فن اور تخلیقی اظہار کی روشن علامت رہا ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ آج پیش کی جانے والی کہانیاں محض افسانے نہیں بلکہ حقیقی زندگی کے متاثر کن واقعات ہیں۔ ان کے مطابق ان فلموں کے ذریعے پاکستان سے متعلق دقیانوسی تصورات کو حقیقی انسانوں، حقیقی جدوجہد اور حقیقی کامیابیوں کی کہانیوں سے روشناس کرانے کی کوشش کی گئی ہے

رضوان سعید شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک قدیم تہذیب کا حامل ملک ہے لیکن پسماندہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ علم، وسعتِ قلبی اور رواداری کے جذبے کو فروغ دیا ہے اور یہ فلمیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک اپنے اقلیتی طبقات کے حقوق، تنوع اور سماجی شمولیت کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تخلیقی صلاحیتیں مختلف تہذیبوں اور قوموں کے درمیان مضبوط پل تعمیر کرتی ہیں اور پاکستان مستقبل میں بھی اس عالمی ثقافتی سفر کا فعال حصہ بنا رہے گا۔ اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے شرکاء کو دعوت دی کہ وہ تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی ہم آہنگی کے اس جشن کو مل کر آگے بڑھائیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستانی سفارت خانے کی میزبانی، پاکستانی ثقافت اور روایتی مہمان نوازی کو بے حد سراہا۔ اس موقع پر الائنس فرانسیز کی ڈپٹی اور اکیڈمک ڈائریکٹر آمنہ مدجلسی نے سفیر پاکستان اور سفارت خانے کی ٹیم کو کامیاب اور یادگار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 11 جون، 2026 کو 04:58 AM
آخری تدوین: 11 جون، 2026



