وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
پاکستان

قومی اقتصادی سروے 2025-26 جاری، حکومت کئی اہم معاشی اہداف حاصل کرنے میں ناکام

W
Web Desk
11 جون، 2026
قومی اقتصادی سروے 2025-26 جاری، حکومت کئی اہم معاشی اہداف حاصل کرنے میں ناکام

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اقتصادی سروے 2025-26 پیش کر دیا۔ سروے کے مطابق حکومت زرعی، صنعتی اور دیگر اہم شعبوں میں کئی معاشی اہداف حاصل نہ کر سکی، تاہم معیشت کے بعض اشاریوں میں بہتری کا دعویٰ بھی کیا گیا

(اسلام آباد) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 2025-26 کا قومی اقتصادی سروے پیش کر دیا، جس میں ملکی معیشت کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سروے رپورٹ کے مطابق حکومت متعدد اہم معاشی اہداف حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، اگرچہ بعض شعبوں میں بہتری کے دعوے بھی کیے گئے ہیں۔

قومی اقتصادی سروے پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ رواں مالی سال کے آغاز میں ملک کو غیر یقینی صورتحال، مون سون بارشوں کے اثرات اور عالمی تجارتی چیلنجز کا سامنا رہا۔ ان کے مطابق امریکا کی جانب سے مختلف ممالک پر ٹیرف کے نفاذ اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال نے بھی عالمی معیشت کو متاثر کیا، تاہم پاکستان نے اندرونی اور بیرونی دباؤ کے باوجود معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کی۔

انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال میں معاشی ترقی کی شرح (جی ڈی پی گروتھ) 3.7 فیصد رہی، جبکہ حکومتی ہدف 4 فیصد سے زائد تھا۔ وزیر خزانہ کے مطابق اگر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی نہ ہوتی تو شرح نمو 4 فیصد سے اوپر جا سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کا مجموعی حجم 452 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ فی کس سالانہ آمدن 1751 ڈالر سے بڑھ کر 1901 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق پیٹرولیم سیکٹر میں 5 فیصد ترقی ریکارڈ کی گئی، جولائی تا مارچ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 72 ملین ڈالر رہا جبکہ خدمات کے شعبے میں 4.9 فیصد اور بڑی صنعتوں میں 6.1 فیصد ترقی ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ فوڈ، ٹیکسٹائل سمیت 16 صنعتی شعبوں میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، سیمنٹ کی طلب میں 10 فیصد اور کھاد کی طلب میں 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مالی نظم و ضبط کے باعث مالیاتی خسارہ کم ہوا، ایف بی آر محصولات میں 10.1 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اوسط مہنگائی کی شرح کم ہو کر 6.7 فیصد رہی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں ترسیلات زر 33 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جو بیرونی ادائیگیوں کے لیے نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں سرمایہ کاری 12.7 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 3 لاکھ ہو گئی ہے اور 39 ہزار نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ اس کے علاوہ فری لانسرز کی برآمدات ایک ارب ڈالر تک پہنچ رہی ہیں جبکہ پاکستان میں تیار کردہ فٹ بال فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہوگا۔

قومی اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق زرعی شعبے میں 4.5 فیصد ترقی کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم حقیقی شرح نمو صرف 2.8 فیصد رہی۔ فصلوں کی گروتھ 3.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 2.4 فیصد، لائیو اسٹاک کی 4.2 فیصد ہدف کے مقابلے میں 3.7 فیصد اور ماہی گیری کی شرح نمو 3 فیصد کے بجائے 1.6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح صنعتی شعبے میں 4.3 فیصد ہدف کے مقابلے میں 3.5 فیصد ترقی ہوئی، جبکہ معدنیات کے شعبے میں شرح نمو محض 0.38 فیصد رہی۔ بجلی، گیس اور واٹر سپلائی کے شعبے میں تو گروتھ منفی رہی اور تقریباً 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم بڑی صنعتوں میں 6.1 فیصد اور تعمیراتی شعبے میں 5.7 فیصد ترقی رپورٹ کی گئی، جو مقررہ اہداف سے بہتر رہی۔

سروے کے مطابق ملک میں شرح خواندگی 63 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ زرعی شعبے کو جولائی تا مارچ 2162 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے گئے۔ حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کا بجٹ بڑھا کر 722.5 ارب روپے کر دیا ہے، جبکہ پی آئی اے، فرسٹ ویمن بینک اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سمیت متعدد سرکاری اداروں کی نجکاری اور رائٹ سائزنگ پر بھی کام جاری ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 11 جون، 2026 کو 02:52 PM

آخری تدوین: 11 جون، 2026

متعلقہ مضامین

پاکستان کا دعویٰ: امریکا اور ایران امن معاہدے کے حتمی مسودے پر متفق، باضابطہ دستخط جلد متوقع
امریکا

پاکستان کا دعویٰ: امریکا اور ایران امن معاہدے کے حتمی مسودے پر متفق، باضابطہ دستخط جلد متوقع

شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ امن معاہدے کا ایک حتمی اور باہمی طور پر منظور شدہ متن تیار ہو چکا ہے، انہوں نے مزید کہا، "امن کبھی اتنا قریب نہیں تھا جتنا آج ہے۔"

محمد نعیم اختر13 جون، 2026
لیڈر کی رہائی کے لیے احتجاج کریں مگر اداروں کو نشانہ نہ بنائیں، خواجہ آصف کی پی ٹی آئی کو تنبیہ
پاکستان

لیڈر کی رہائی کے لیے احتجاج کریں مگر اداروں کو نشانہ نہ بنائیں، خواجہ آصف کی پی ٹی آئی کو تنبیہ

وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے قائد کی رہائی کے لیے احتجاج کا حق رکھتی ہے، تاہم ریاستی اداروں کو تنقید اور تضحیک کا نشانہ بنانا مناسب نہیں

Web Desk11 جون، 2026
دفاع کیلئے وسائل کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف
پاکستان

دفاع کیلئے وسائل کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی چیلنجز کے باوجود دفاع کے لیے وسائل کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ روزگار، برآمدات اور معاشی استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری ہیں

Web Desk10 جون، 2026