بالٹی مور، میری لینڈ میں چاند رات میلہ سج گیا، شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت
محمد نعیم اختر
امریکہ کی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں عیدالاضحیٰ سے قبل شاندار چاند رات میلے کا انعقاد کیا گیا جہاں مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے عید کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منایا۔ میلے میں روایتی ثقافت، رنگا رنگ اسٹالز، لذیذ کھانےشرکاء کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی
میلے میں مختلف اقسام کے فوڈ اسٹالز خصوصی مرکزِ نگاہ رہے جہاں پانی پوری، چاٹ، سموسے، ٹیکوز، میٹھے پکوان، کپ کیکس اور دیگر دیسی و فاسٹ فوڈ آئٹمز شہریوں کو پیش کیے گئے۔ “پنڈی پوائنٹ” کے اسٹال پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود رہی جہاں روایتی ذائقوں سے بھرپور کھانے لوگوں کو بے حد پسند آئے۔
خواتین اور نوجوان لڑکیوں کے لیے خصوصی طور پر مہندی، چوڑیوں، جیولری اور ملبوسات کے اسٹالز سجائے گئے تھے جہاں عید کی خریداری کا خوب رش دیکھنے میں آیا۔ رنگ برنگی چوڑیاں، دیدہ زیب زیورات اور خوبصورت کپڑوں نے میلے کی رونق کو مزید بڑھا دیا جبکہ مہندی آرٹسٹس نے نت نئے ڈیزائن بنا کر شرکاء کی توجہ حاصل کی

میلے میں مقامی کاروباری افراد نے اپنے ہینڈ میڈ آرٹ، بیوٹی پروڈکٹس، ہیئر آئلز اور گھریلو مصنوعات بھی نمائش کے لیے پیش کیں جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ آرٹ ورک، دستکاری اور خوبصورت ڈیزائنز سے مزین اشیاء نے حاضرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی

بچوں کے لیے بھی خصوصی تفریحی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ فیملیز نے ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور عید کی تیاریوں میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ اس قسم کی تقریبات کا مقصد امریکہ میں رہنے والی مسلم کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا، ثقافت کو فروغ دینا اور عید کی خوشیوں کو آپس میں بانٹنا ہے۔

شرکاء نے چاند رات میلے کو کامیاب اور یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام کمیونٹی میں محبت، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دیتے ہیں

محمد نعیم اختر
محمد نعیم اختر، واشنگٹن ڈی سی میں وائسز آف امریکا کیلئے بطور بیوروچیف فرائض انجام دے رہے ہیں
شائع ہوا: 27 مئی، 2026 کو 01:57 PM
آخری تدوین: 27 مئی، 2026



