سینئر سپورٹس جرنلسٹ عبدالمحیٰ شاہ کو تمغۂ امتیاز کے اعزاز پر خصوصی شیلڈ پیش، پاکستان کے 1000 ون ڈے میچز کی تکمیل کا جشن

رمیز راجہ نےسپورٹس صحافت کے میدان میں عبدالمحیٰ شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں نوجوان صحافیوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کے صحافیوں کو عبدالمحیٰ شاہ کی پیشہ ورانہ لگن، دیانت داری اور محنت سے سبق حاصل کرنا چاہیے
( راولپنڈی ) راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک ہزار ون ڈے انٹرنیشنل میچز مکمل ہونے کی خوشی میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغۂ امتیاز حاصل کرنے والے سینئر اسپورٹس صحافی عبدالمحیٰ شاہ کو خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔
تقریب کا اہتمام پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے تعاون سے کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ کی تاریخی کامیابی کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ اسپورٹس صحافت میں نمایاں خدمات انجام دینے والے عبدالمحیٰ شاہ کی پیشہ ورانہ خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تمغۂ امتیاز کے حصول پر انہیں خصوصی شیلڈ پیش کی گئی

تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ تھے۔ ان کے ہمراہ رسجا کے صدر ابوبکر بن طلعت، سیکریٹری اور دیگر عہدیداران و اراکین بھی اسٹیج پر موجود تھے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے اسپورٹس صحافیوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ شرکا نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور رسجا کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف پاکستان کرکٹ کی کامیابیوں کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ صحافتی برادری اور کھیلوں کے اداروں کے درمیان تعلقات کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔
تقریب کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک ہزار ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے تاریخی سفر پر مبنی ایک مختصر ویڈیو بھی دکھائی گئی، جس میں قومی ٹیم کے یادگار لمحات کو پیش کیا گیا۔ حاضرین نے بھرپور تالیاں بجا کر قومی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا

اپنے خطاب میں رمیز راجہ نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ میں صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہے اور وہ ہمیشہ جرنلسٹ کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے عبدالمحیٰ شاہ کی اسپورٹس صحافت کے میدان میں خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں نوجوان صحافیوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کے صحافیوں کو عبدالمحیٰ شاہ کی پیشہ ورانہ لگن، دیانت داری اور محنت سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔
تقریب کے اختتام پر شرکا میں یادگاری تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 31 مئی، 2026 کو 01:43 PM
آخری تدوین: 31 مئی، 2026



