عباس عراقچی کا دوٹوک مؤقف، کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران دفاعی مقامات پر کارروائیاں کر رہا ہے اور کسی بھی جارحانہ اقدام کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف نے بھی خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کا عبرتناک ردعمل دیا جائے گا
(تہران) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایرانی فورسز دفاعی حکمت عملی کے تحت کارروائیاں کر رہی ہیں اور ملک کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران ان مقامات پر دفاعی کارروائیاں کر رہا ہے جنہیں امریکی افواج جنگ بندی کی خلاف ورزی کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں پابندیوں اور جنگی دباؤ کے ذریعے جو مقاصد حاصل نہیں کیے جا سکے، وہ مزید جنگ اور کشیدگی سے بھی حاصل نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق خطے کے مسائل کا حل مذاکرات اور سفارت کاری میں ہے، نہ کہ فوجی تصادم میں۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ تہران کو دھمکیاں دینے کا دور ختم ہو چکا ہے۔
باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا فیصلہ کن اور عبرتناک ردعمل دیا جائے گا، جبکہ ملکی دفاع اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ایرانی قیادت کے حالیہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں سکیورٹی صورتحال اور ایران و امریکا کے درمیان کشیدگی پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 4 جون، 2026 کو 05:42 AM
آخری تدوین: 6 جون، 2026



