وائسز آف امریکا
تازہ خبریں
پاکستان

پیک آورز میں گیس سے بجلی پیدا نہیں کر سکتے، لوڈشیڈنگ پر معذرت خواہ ہیں: اویس لغاری

W
Web Desk
16 اپریل، 2026
پیک آورز میں گیس سے بجلی پیدا نہیں کر سکتے، لوڈشیڈنگ پر معذرت خواہ ہیں: اویس لغاری

وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ پیک آورز میں گیس سے بجلی پیدا نہیں کی جا سکتی، پانی کی کمی اور درآمدی گیس بندش سے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا۔

(اسلام آباد) اویس لغاری نے کہا ہے کہ پیک آورز میں گیس سے بجلی کی پیداوار ممکن نہیں، جبکہ پانی کی کمی اور درآمدی گیس کی بندش کے باعث ملک کو موجودہ بجلی بحران کا سامنا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ وہ عوام کے سامنے لوڈشیڈنگ سے متعلق حقائق رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتحال کے باعث موجودہ حالات پیدا ہوئے ہیں اور بعض معاملات حکومت کے کنٹرول میں نہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی صورتحال بہتر ہے اور حکومت نے ملک کو ہمیشہ کیلئے اندھیروں سے نکالا ہے، تاہم موجودہ حالات کے باعث پیک آورز میں لوڈشیڈنگ پر معذرت خواہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیموں سے پانی کے کم اخراج کے باعث پن بجلی کی پیداوار 1676 میگاواٹ رہ گئی ہے، جبکہ پن بجلی میں 1530 میگاواٹ کی کمی کا سامنا ہے۔

وزیر توانائی کے مطابق دن کے اوقات میں کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی اور اپریل کے پہلے 15 دنوں میں یومیہ بجلی کی طلب 15 سے 20 ہزار میگاواٹ کے درمیان رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس اپریل میں ایل این جی پلانٹس سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی تھی، جبکہ رواں برس درآمدی گیس کی بندش کے باعث ایل این جی سے صرف 1671 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ ضرورت کے مطابق لوڈشیڈنگ میں اضافہ کرنا پڑتا ہے اور دیہی و شہری علاقوں کے ساتھ صنعتی شعبے میں بھی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بغیر تحقیق کے پروپیگنڈا کرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو حقائق کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

شیئر کریں:
W

Web Desk

Media Channel

شائع ہوا: 16 اپریل، 2026 کو 02:15 PM

آخری تدوین: 16 اپریل، 2026

متعلقہ مضامین