راولپنڈی میں ایران امریکا مذاکرات کے باعث سیکیورٹی سخت، ٹرانسپورٹ اڈے بند کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی میں ایران امریکا امن مذاکرات کے متوقع دوسرے دور کے پیش نظر سیکیورٹی سخت کردی گئی، رات 12 بجے سے تمام ٹرانسپورٹ اڈے 26 اپریل تک بند رہیں گے۔
راولپنڈی: ایران امریکا امن مذاکرات کے متوقع دوسرے دور کے پیش نظر راولپنڈی میں سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ شہر بھر میں ٹرانسپورٹ نظام بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹرانسپورٹ یونینز اور راولپنڈی پولیس کا خصوصی اجلاس سیکرٹری آر ٹی اے اسد شیرازی اور چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ اور سینئر پولیس حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج رات 12 بجے سے راولپنڈی اسلام آباد کے تمام ٹرانسپورٹ اڈے بند کر دیے جائیں گے۔ اس میں جنرل بس اسٹینڈ پیرودھائی اور ڈی کلاس ٹرانسپورٹ اڈے بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد سے دیگر اضلاع کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ اور ٹریفک معطل رہے گی، جبکہ دیگر اضلاع سے جڑواں شہروں میں آنے والی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
تاہم انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ راولپنڈی اور اسلام آباد کے اندر بحال رہے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ اڈے 26 اپریل تک بند رہیں گے۔
راولپنڈی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے رات 12 بجے سے اڈے بند رکھنے کا باضابطہ فیصلہ جاری کیا گیا ہے، جس کی تصدیق صدر پیرودھائی جنرل بس اسٹینڈ راجہ خاقان جمیل نے بھی کی ہے۔
Web Desk
Media Channel
شائع ہوا: 16 اپریل، 2026 کو 04:59 PM
آخری تدوین: 16 اپریل، 2026



